جموں( نیٹ نیوز) مودی حکومت غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں پولیس کو کچھ خفیہ کارروائیوں کے لیے اگلے تین سال کے لیے ہیلی کاپٹر سروس فراہم کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں حکام نے بتایا کہ پولیس نے رجسٹرڈ ہوابازی کمپنیوں سے ہیلی کاپٹر کرایہ پر لینے کے لیے ٹینڈر طلب کئے ہیں۔حکام نے ابھرتی ہوئی ضرورت کو ظاہر کیے بغیر کہا کہ جموں و کشمیر میں پولیس اور بھارتی پیراملٹری فورسز کو تمام شعبوں میں افسران کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ دیگر ہنگامی مقاصد کے لیے فلائٹ آپریشنز کی ضرورت ہے۔پولیس نے رجسٹرڈ ہوابازی کمپنیوں سے تجاویز طلب کی ہیں جن کے پاس فلائٹ آپریشن کے لئے کم از کم تین ہلکے ہیلی کاپٹروں کا بیڑا ہے اور جو 16 جنوری 2023ء سے 16 جنوری 2026ء تک تین سال کی مدت کے لیے سروس فراہم کر سکتی ہیں۔ حکام نے کہاکہ ہیلی کاپٹروں کو قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے منصوبے میں شامل کیا جائے گا جو پولیس کی طرف سے تیار کیا جا رہا ہے۔