سرینگر:(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام کو نریندر مودی کے کل کے دورے سے کوئی امید نہیں ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کے ترجمان سہیل بخاری نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے وادی کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا ہے جس سے وہ مایوسی کا شکار ہیں۔انہوں نے بی جے پی حکومت کے تکبرکو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے مسلسل کشمیریوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے اور وہ ان کی شکایات پر توجہ دینے میں ناکام رہی ہے۔ اس لئے کشمیریوں کو بھارتی وزیر اعظم کے سرینگر کے دورے سے کوئی امید نہیں ہے۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری جانتے ہیں کہ بی جے پی یکطرفہ طور پر کام کرتی ہے، چاہے وہ لوگوں کی خواہشات اورامیدوں کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر یوں کو دورے میں کوئی دلچسپی نہیں اور وہ اسے شکوک و شبہات کی نظرسے دیکھتے ہیں ، اس لئے دورے سے مثبت نتائج کی کوئی توقع نہیںہے۔