سرینگر: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کے دورے کے خلاف کل مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور تمام حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ ہڑتال کا مقصد علاقے پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اورہندوتوا ایجنڈے کے نفاذ کے خلاف احتجاج کرنا اور تنازعہ کشمیر کے حل کے مطالبے پر زوردینا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے کیونکہ وہ مودی کوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ سرینگر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں ایک بارپھر پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن پر” مودی ایک دہشت گرد ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کی سازش کررہاہے” جیسے نعرے درج ہیں۔ پوسٹرمختلف حریت تنظیموں کی جانب سے چسپاںکیے گئے ہیں۔سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے جاری پکڑ دھکڑ اور چھاپوں کے دوران 700سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو تھانوں میں طلب کر کے بغیر کسی وجہ کے گرفتارکیا جا رہا ہے۔دریں اثناء وادی کشمیر میں سیکورٹی کے نام پر سخت پابندیاں بدستور نافذ ہیں۔فورسز اہلکاروں نے جگہ جگہ چوکیاں قائم کی ہیں جہاں لوگوں کی اچانک تلاشی لی جارہی ہے۔ سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے گھروں کی چھتوں پر سادہ کپڑوں میں ملبوس بھارتی ایجنسیوں کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔فضائی نگرانی کے لئے خاص طور پر سرینگر میں بخشی اسٹیڈیم کے قریبی علاقوں پر جہاں مودی کل ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں ، نظررکھنے کے لئے ڈرونز اور اونچی عمارتوں پرماہرنشانہ بازوں کی تعیناتی سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی کااستعمال کیاجارہاہے ۔ریلی کے مقام کو اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے اپنے حصار میںلے رکھاہے۔مودی حکومت کی جانب سے لوگوں کو سیاسی حقوق دینے سے انکار کے خلاف لداخ خطے کے کرگل اور لہہ اضلاع میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔برسلز میں منعقدہ کانفرنس میں مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے محمد یاسین ملک اور دیگر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ تقریب کا اہتمام جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے یورپی زون نے کیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں پاک فوج کی طرف سے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کی حمایت کو سراہا ہے۔