سری نگر(نمائندہ خصوصی) بھارت نے گزشتہ 34 سال کے دوران اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں 96 ہزار 275 شہریوں کو شہید کیا۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے گزشتہ 34 سال کے دوران اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں 96 ہزار 275 شہریوں کو شہیدکیا جن میں 2352 خواتین بھی شامل ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے ہفتہ کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 11,259 خواتین کی بے حرمتی کی۔ حریت رہنما آسیہ اندرابی سمیت دو درجن سے زائد خواتین گزشتہ پانچ سال سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی دیگر جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔ خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے بیانات میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بدترین شکار ہیں۔ نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے ضلع شوپیاں میں غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور معروف عالم دین مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔