سرینگر(نمائندہ خصوصی )غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کے ضلع کولگام میں جمعہ کو بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی نے ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں جواہر ٹنل کے قریب اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی ۔ فوجی جواہر ٹنل کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھا جب اس نے خود کو گولی مار لی۔ ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔اس سے قبل جمعرات کو بھی شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں ایک بھارتی فوجی نے گولی مار کر خودکشی کی تھی۔اس واقعے سے جنوری 2007ء سے اب تک مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 584 ہو گئی ہے۔