مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں کشمیر میں وادی نیلم کے رہائشیوں نے بھارت کے اس پروپیگنڈے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے کہ اس کے بھارتی فوجیوں نے کنٹرول لائن پر پانچ درانداز مار دیے ہیں۔ مقامی ریائشیوں کا کہنا ہے یہ نوجوان بے گناہ شہری تھے جن کا تعلق وادی نیلم کے علاقے سونات سے تھا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوجوان کنٹرول لائن کے نزدیک جنگل میں جڑی بوٹیاں جمع کرنے گئے تھے کیونکہ یہ ان کی روزی روٹی کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی اس دوران انہیں اغواء کر کے اپنے ساتھ لے گئے اور بعد میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔وادی نیلم کے رہائشیوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نہ صرف بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر بلکہ آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے اس طرف انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔