سرینگر(نمائندہ خصوصی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء و جموں کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے یوم دفاع پاکستان پر 1965ء کی جنگ کے دوران مادروطن کا دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کے عظیم ہیروز کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا۔ اس دن بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور یہ جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدو جہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ کا کام کرتی رہے گی۔ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم خراجِ عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔یوم دفاع پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ درحقیقت 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب پاکستان کی بہادر قوم اور پاک فوج نے اس موقع پر قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان نہ صرف خطے میں قیامِ امن کیلئے ضروری ہے بلکہ کشمیری عوام کی جائز تحریکِ آزادی کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، وہ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا شکار ہے۔ ۔ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکے پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا۔فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے اور ہر عالمی اور علاقائی فورم پر کشمیر کاز کو اُجاگر کرتا ہے ، سینئر حریت رہنماء نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کو کشمیریوں کی حمائت سے دستبردار کرانے کے لئے کئی جنگیں مسلط کیں اور پاکستان کے خلاف مختلف سازشیں کرتا آیا ہے لیکن بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں اور پاکستان کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی حمائت جاری رکھے گا اور ایک فریق کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ، پاکستان ہی کشمیریوں کی امیدوں کا واحد مرکز ہے اور اسی امید کے سہارے کشمیریوں کی اس وقت تمام تر نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں ، یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے ، اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔ مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہدا منایا جاتا ہے۔ 58 سال قبل آج ہی کے دن ہماری مسلح افواج اور پوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرات اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا تھا۔