سرینگر( کے ایم ایس ) کشمیر کی مزاحمتی تحریک کے سرکردہ رہنما سید علی گیلانی کو انکے دوسرے یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کل بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے حیدر پورہ کی طرف مارچ کیا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021ء کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر دورانِ نظربندی جام شہادت کر گئے تھے جہاں قابض بھارتی انتظامیہ نے انہیں 2010ء سے مسلسل نظربند کر رکھا تھا۔
مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ دیگر تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ آئمہ اور علمائے کرام عظیم حریت قائد اور دیگر شہدائے جموں کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کرائیں گے۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے بزرگ حریت قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی صداقت و دیانت کا مظہر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو انتہائی جرات ، بے خوفی اور بہادری سے کشمیریوں کے جائز حق کے لیے لڑتے رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔