اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں کشمیر شاخ نے غازی ملت سردار ابراہیم خان کو ان کے یومِ وفات پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی اور اداروں کے استحکام کیلئے کام کیا ۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں کشمیر شاخ کے دفتر پر کنوینر محمود احمد ساغر کے زیرصدارت ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیاگیا۔ محمود ساغر نے اس موقع پر کہاکہ غازی ملت نے اپنے جاندار کردار سے تحریکِ آزادی کو تقویت بخشی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے لازوال جدوجہد کی۔ اُنہوں نے کہا کہ غازی ملت آزاد جموں کشمیر کے پہلے رہنما ہیں جنہوں نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر متعدد بار خطاب کرکے مؤثر انداز میں کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ اُنہوں نے کہاکہ سیاست کے میدان میں اصول پسندی ، دیانت داری ، عوام سے محبت اور ریاست کے تشخص کیلئے جو کارہائے نمایاں انہوں نے سرانجام دئیے وہ قابلِ تعریف اور قابلِ تقلید ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سردار ابراہیم نے جس ولولے اور جوش سے قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔ اُنہوں نے نہ صرف کشمیر کی آزادی کو اپنا اولین مقصد سمجھا بلکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے لازوال جدوجہد کی۔غازی ملت الحاق پاکستان کے داعی تھے اور 19 جولائی 1947ء کو سرینگر میں ان ہی کی رہائش گاہ پر الحاق پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی تھی۔ محمود ساغر نے کہا کہ سردار ابراہیم نے پاکستان کیساتھ تعلق مضبوط بنانے کیلئے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔اجلاس میں سردار ابراہیم خان کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر شہدائے کشمیر کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایک عوامی اجتماع پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی اور شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیاگیا۔ دعائیہ مجلس میں غلام محمد صفی ، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب ، محمدسلطان بٹ، نثار مرزا، سید مشتاق، مشتاق احمد بٹ، گلشن احمد، امتیاز وانی اور دیگر نے شرکت کی۔