راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن کمیشن کے زیراہتمام راولپنڈی میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارت ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔
کشمیر سنٹر راولپنڈی میں ”تحریکِ آزادیِ کشمیر میں اوورسیز کشمیریوں کا کردار“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے تحریکِ کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم احمد کیانی ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی ، ڈائریکٹر جموں کشمیر لبریشن کمیشن (میڈیا ونگ) سرور حسین گلگتی ، ڈائریکٹر (نیشنل کوارڈینیشن ونگ) راجہ خان افسر خان ، انچارج ڈیجیٹل میڈیا نجیب الغفور خان ، سینئر کشمیری صحافی راجہ بشیر عثمانی ، راجہ راشد رضا اور دیگر نے خطاب کیا۔ راجہ فہیم کیانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہماری اولین ترجیح تحریکِ آزادیِ کشمیر ہے اور ہم ایک لمحہ کے لیے بھی کشمیر کاز سے صرف نظر نہیں کرسکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت دنیاکو گمراہ کرنے کے لیے تحریکِ آزادی کے خلاف منفی مہم چلا رہا ہے ۔ہمیں بھارت کے ان مذموم حربوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں اور بیس کیمپ حکومت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انکی بیش بہا قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ الطاف احمد بٹ نے کہا کہ ہمیں کشمیر کاز کے لیے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی چا ہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کیلئے ابلاغی محاذ پر ایک منظم طریقے سے وسیع پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہمیں جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اُجاگر کریں اور آزادی کے سلوگن کو ہیش ٹیگ کے ساتھ پوری دنیا میں پھلائیں تاکہ پوری دنیا کشمیریوں کی حمایت کرے۔ سرور حسین گلگتی نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن کمیشن بھارتی مظالم کو اُجاگر کرنے اور عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کے لئے نئی حکمت عملی مرتب کر رہا ہے۔ آزاد کشمیر کی تمام یونیورسٹیز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سمینارز ، کانفرنسز وغیرہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیر سے آگاہی حاصل کر سکے۔راجہ خان افسر خان ، نجیب غفور خان، راجہ بشیر عثمانی، راجہ ارشد رضا اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کو جموں کشمیر پر ایک اور یلغار کی اور کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے غیر قانونی بھارت اقدامات یکسر مسترد کر دیے ہیں اور وہ بھارت کے بے انتہا جبر و ستم کے باوجود شہداء کے مشن کے کو عزم و ہمت کیساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔