سرینگر( کے ایم ایس ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے سرینگر کے علاقے پاندریٹھن میں دو علمائے دین سمیت تین افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔
پاندریٹھن میں سالانہ کربلاکانفرنس کے چند دن بعد بھارتی پولیس نے تین افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جن کی شناخت نوگام سوناواری کے مولوی بشیر احمد ،خندہ بڈگام کے مولانا علی محمد جان اور ڈانگر پورہ بانڈی پورہ کے عاشق حسین کے طور پر ہوئی ہے۔تینوں کو محرم الحرام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے اوروہاں خطاب کرنے کی بنیاد پر گرفتارکیاگیاہے۔ ایک ممتاز شیعہ تنظیم مجلس علمائے امامیہ نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بلاجواز قراردیاہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں تینوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ انجمن شرعی شیعیان نے بھی گرفتاریوں کوناقابل قبو ل قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔