لندن ( نیٹ نیوز )پاک فوج کے سینیئر افسر نے متنازع یوٹیوبر ریٹائرڈ میجر عادل فاروق راجہ پر برطانوی ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ کردیا۔یو ٹیوبر نے بریگیڈیئر راشد نصیر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف انتخابی دھاندلی کرنے اور جنرل ریٹائرڈ باجوہ پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات عائد کیے تھے۔متنازع یو ٹیوبر نے بریگیڈیئر راشد نصیر پر پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے آصف زرداری سے خفیہ ملاقاتوں کے الزامات بھی لگائے تھے۔
برطانوی عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوبر نے 14 جون 2022 کو حاضر سروس فوجی افسر کے خلاف مہم کا آغاز کیا۔
مدعی مقدمہ کے وکلاء نے مؤقف اپنایا ہے کہ یو ٹیوبر کی طرف سے چلائی گئی مہم سے حاضر سروس بریگیڈیئر کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔دوسری جانب یوٹیوبر عادل راجہ نے اپنے خلاف دائر ہونے والے مقدمے کی تصدیق کردی ہے۔ یوٹیوبر کا دعویٰ ہے کہ اس کی ٹوئٹس اور وی لاگس میں دی گئیں معلومات اسٹیبلشمنٹ کے ہی اعلیٰ ذرائع کی فراہم کردہ تھیں۔ یوٹیوبر عادل راجہ گزشتہ برس اپریل میں اسلام آباد سے لاپتہ ہوٸے اور ڈراماٸی انداز میں لندن پہنچ گئے تھے اور وہاں جا کر پاک فوج کے افسران کے خلاف مسلسل پراپیگنڈہ کررہے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔