نیویارک (نیٹ نیوز )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معیشت کے اعتبار سے یہ پاکستان کے لیے مشکل وقت ہے مگر ہم خود کو سنبھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔امریکی میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے اندر دہشتگردی سے متاثرہ افرادکی آوازیہاں پہنچائی ہے، دہشتگردی کے متاثرین اور پاکستان کے عوام سے اظہاریکجہتی کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں، ہم دہشتگردی کا شکار ہیں، دہشتگردی کے مرتکب نہیں، ہماری پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ماضی میں جو کوتاہیاں ہوئیں، وہ اب نہیں ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ہمارا حکومتی اتحاد پرعزم ہے کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ معیشت کے اعتبار سے یہ پاکستان کے لیے مشکل وقت ہے تاہم وزیراعظم کی معاشی ٹیم اس چیلنج کا مقابلہ کررہی ہے، دنیادیکھ رہی ہے کہ ہم خودکو سنبھالنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ ہم اپنے وسائل سیلاب متاثرین پرخرچ کر رہے ہیں۔