استنبول( نیٹ نیوز ) ترکیہ کے مغربی علاقے میں 6 شدت زلزلے سے 22 افراد زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق استنبول کے مشرق میں تقریباً 210 کلومیٹر (130 میل) دور ترکیہ کے مغربی علاقے میں 6 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 22 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 2 کلو میٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کا مرکزصوبہ ڈوزے کے شہر آئیدن پنار سے 15 کلومیٹر دور ریکارڈ کیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں استنبول اور انقرہ کے علاوہ بلغاریہ، قبرص، یونان، رومانیہ، برطانیہ اور یوکرین میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ 18 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلے کی وجہ سے استنبول شہر کی بجلی بھی معطل رہی جب کہ علاقے میں بجلی منقطع ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ رہائشیوں کے بالکونیوں سے چھلانگ لگانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ترک وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا کہ جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں، بعدازاں وزیر صحت فرحتین کوکا نے کہا کہ کم از کم 22 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک اونچائی سے چھلانگ لگانے کے بعد شدید زخمی ہوا۔