استنبول( نمائندہ خصوصی )وسطی استنبول کے مصروف استقلال ایونیو میں دھماکے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 53 زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے شہراستنبول میں دھماکہ،6 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی،اموات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔دھماکہ استنبول کی استقلال سٹریٹ میں ہوا جو کہ سیاحوں کے حوالے سے مشہور سمجھی جاتی ہے۔استقلال ایونیو پر ہونے والے دھماکے میں زیادہ تر پیدل چلنے والے متاثر ہوئے ہیں جوکہ دھماکے کے بعد بھاگتے ہوئے نظر آئے ہیں ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں اور ایک زوردار دھماکے سے پیدل چلنے والے مڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ایمبولینس، فائر ٹرک اور پولیس کو جائے وقوعہ پر دکھایا گیا ہے، دھماکے کی وجہ فوری طورپر موصول نہیں ہوسکی، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ دکانیں بند کر دی گئیں اور راستے بند ہو گئے۔براڈکاسٹر سی این این ترک کے مطابق ایوینیو ایک پرہجوم راستہ ہے جو سیاحوں اور مقامی لوگوں میں مقبول ہے، جس پر دکانیں اور ریستوراں ہیں۔ دھماکہ ترکیہ کے مقامی وقتکے مطابق تقریباً 4:20 بجے شام ہوا۔ ترک میڈیا کے مطابق خوفناک فوٹیج میں لاشیں زمین پر بکھری ہوئی دکھائی دیں، شہر کے وسط میں جب دھماکا ہوا تو سڑک خریداروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔ اب تک دھماکے میں 53 افراد کے زخمی اور 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے کے بعد افراتفرہ مچ گئی اور شہری مدد کو پکارنے لگے۔ فوری طور پر پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ادارے کا عملہ دھماکے کی جگہ پہنچ گیا۔ ترک صدر طیب اردوان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کی استقلال سٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، بچوں سمیت واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، ہر طرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل اور زخمی افراد کی جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ ہیں۔