ابوظہبی۔(نمائندہ خصوصی ):ابوظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر 13 سے 16 مئی 2025 تک 25ویں بین الاقوامی یونین برائے صحت کے فروغ اور تعلیم کی عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔اماراتی خبررساں ایجنسی’’ وام ‘‘کے مطابق مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہونے والی یہ کانفرنس صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے اور صحت کی ترویج اور تعلیم کے مواقع کی نشاندہی کرنے کے لیے عالمی ماہرین کو اکٹھا کرے گی۔ابوظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد الخزرجی نے اس ایونٹ کی میزبانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے صحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کانفرنس میں غیر متعدی بیماریوں، وبائی امراض، ذہنی صحت کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بین الاقوامی یونین برائے صحت کے فروغ اور تعلیم کی عالمی کانفرنس کے صدر سیون تو ایتاہی نے عالمی چیلنجوں کے لیے صحت کی ترویج کے حل میں تعاون کی اہمیت پر زور دیاہے۔