جنیوا:(مانیٹرنگ ڈیسک )اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے غزہ میں چھ ماہ سے جاری جنگ کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے اس میں ہونے والی اموات کی مذمت کی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز ( آئی ایف آر سی) نے کہا کہ جنگ میں انسانیت کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئس نے ایک بار پھر تشدد کے وحشیانہ عمل کی مذمت کرتے ہوئے باقی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ظلم اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری خوفناک بمباری، محاصرے اور صحت کے نظام کی تباہی، امدادی کارکنوں سمیت لاکھوں شہریوں کی اموات ، زخمی اور بھوک سے مرنے کا جواز پیش نہیں کرتا۔انہوں نے ایکس پر پر جاری بیان میں کہا کہ بنیادی ضروریات خوراک، ایندھن، صفائی، پناہ گاہیں، سکیورٹی اور صحت کی دیکھ بھال سے انکار غیر انسانی اور ناقابل برداشت ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق غزہ کے 36 اہم ہسپتالوں میں سے صرف 10 جزوی طور پر کام کر رہے ہیں۔