قاہرہ۔(نمائندہ خصوصی )غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے حوالے سے قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مصر کے سرکاری میڈیا نے پیر کو بتایا کہ غزہ جنگ کو 6ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے حوالے سے قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ اسرائیل نے خبردار کیا کہ وہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں فوجی کارروائیوں کے لیے تیار ہے۔اسرائیل نے اتوار کو جنوبی غزہ اور مرکزی شہر خان یونس سے اپنی افواج کو نکال لیا جس سے بڑی تعداد میں بے گھر فلسطینیوں کو تباہ شدہ شہری علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دی گئی۔ لیکن اسرائیلی وزیر دفاع یوایو گیلانٹ نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی افواج کے جانے کا مقصد مصری سرحد پر رفح سمیت مستقبل کے مشنز کی تیاری کرنا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ جنگ کو 6ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے موقع پر کہا کہ اسرائیل فتح سے ایک قدم دور ہے۔ انہوں نے اپنی کابینہ کو یہ بھی بتایا کہ اسرائیل معاہدے کے لیے تیار ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے بغیر کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجہ میں 32 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔