بیجنگ(اے پی پی):چین کے علاقے تائیوان میں بدھ کی صبح آنے والے 7.4 شدت کے زلزلے سے اموات بڑھ کر 11 ہو گئی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کر گئی ہے۔ دو ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم کے قریب واقع تائیوان میں آنے والا یہ زلزلہ تائیوان اور آس پاس کے زیادہ تر جزیروں میں محسوس کیا گیا ۔ زلزلے سے درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔تائی پے کے سنٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن کے سیسمولوجی سنٹر کے ڈائریکٹر وو چیان فو کے مطابق زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس محسوس کئے جا چکے ہیں اور ان کے آئندہ دو تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز تائیوان کے ہوالین شہر سے 18 کلومیٹر جنوب میں اور سطح زمین سے 34.8 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔مقامی حکام نے زلزلے کے مرکز کی گہرائی 15.5 بتائی تھی۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 1999 میں آنے والے 7.6 شدت کے زلزلے کے بعد سے یہ سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تھا۔نیشنل فائر ایجنسی نے کہا کہ تمام اموات ہوالین کاؤنٹی میں ہوئیں اور اب تک 736 افراد زلزلے میں زخمی ہوئے ہیں۔زلزلے کے بعد تائیوان، جاپان اور فلپائن میں حکام نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کی تھی لیکن صبح 10 بجے تک ان کو واپس لے لیا گیا۔تائیوان کے دارالحکومت میں زلزلے کے بعد میٹرو سروس ایک گھنٹے کے لئے بند کی گئی۔