نیویارک (عظیم ایم میاں) پی ٹی آئی امریکا کی بھی پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کو دھمکیاں، بانی پی ٹی آئی کے دیرینہ ساتھی اور اب امریکا میں بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن سجاد برکی نے پاکستان کے میڈیا اور صحافیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ سجاد برکی اور عاطف خان کے خلاف بے بنیاد الزامات اور پراپیگنڈا شائع کررہے ہیں لہٰذا وہ ان کےخلاف قانونی کارروائی کریں گے البتہ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ امریکا میں رہتے ہوئے پاکستان کے میڈیا کےخلاف قانونی کارروائی پاکستان یا امریکا کی عدالتوںمیں سے کس کا انتخاب کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے امریکا میں فوکل پرسن سجاد برکی نے یہ وارننگ ڈونلڈلو کی امریکی کانگریس میں سماعت سے ایک روز پہلے 19؍ مارچ کو ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے جاری کی تھی جس کی ویڈیو نمائندہ جنگ/جیو کو حاصل ہوگئی ہے۔ ویڈیو کے مطابق پی ٹی آئی کے دیرینہ اور سنجیدہ رہنما سجاد برکی نے پاکستان کے کسی میڈیا کانام لئے بغیر کہاہے کہ پاکستان کے میڈیا میں ان کے اور ان کے ساتھی عاطف خان کے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈہ پر مبنی خبریں شائع کی جارہی ہیں، انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جو صحافی ایسی خبریں شائع یا نشر کررہے ہیں وہ اپنے نام کے ساتھ شائع کریں اور سامنے آئیں تاکہ ہم قانونی کارروائی کریں۔ ویڈیو کے مطابق سجاد برکی نے یہ بھی دعوی کیا کہ وہ امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں ڈونلڈلو کی کانگریشنل سماعت کے علاوہ امریکی سینیٹ اور کانگریس کے محاذ پر ابھی مزید سماعتیں بھی منعقد ہوں گی۔ اس پریس کانفرنس سے ایک شخص اکبر حسین نے بھی خطاب کرتےہوئے فوج کے بار ےمیں اپنے جذبات اورتنقید کا اظہار کیا جبکہ سجاد برکی نے خود کو پاکستانی فوج کے ایک اعلی افسر کا فرزند قرار دیا۔ سجاد برکی نے پاکستان کے کسی اخبار یا الیکٹرانک میڈیا کانام لئے بغیر کہا کہ ان کے خلاف ملین ڈالرز کے فنڈز اور دیگر بے بنیاد الزامات پرمبنی خبریں شائع کر کے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اگر وہ اپنے نام کے ساتھ خبریں شائع کرنے کی جرات کریں تو ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ اس پریس کانفرنس کے بعد امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے میڈیا اور پاکستان کے قومی میڈیا سے وابستہ صحافیوں میں بھی ردعمل پایا جاتا ہے۔ ڈونلڈلو کی امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں سماعت منعقد کرانے میں سجاد برکی کا اہم رول رہا ہے اور سماعت کے دوران شورشرابا کرنے اور ڈونلڈلو کو جھوٹا اور عمران کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے افراد کے ساتھ آخری بنچ پر خاموش بیٹھے دیکھے گئے۔ سجاد برکی ٹیکساس کی کمیونٹی میں اپنی میزبانی اور گھوڑے پالنے کے حو الے سے مشہور ہیں اور امریکا میں پی ٹی آئی کیلئے فنڈ ریزنگ کیلئے قائم تنظیم کیلئے امریکی حکومت کے ادارہ کے ساتھ بھی رجسٹرڈ رہ چکے ہیں۔