نیویارک (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین پر اعلی سطح کا اجلاس 23 جنوری کو منعقد کرے گی۔سلامتی کونسل کی جنوری میں صدارت کرنے والے ملک فرانس کے مستقل مندوب نیکولس ڈی ریویر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 23 جنوری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس میں مسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کے ممالک سمیت متعدد وزرا شرکت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنا چاہیے اور فلسطین اسرائیل تنازعے کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں سلامتی کونسل کو اپنی توجہ تنازع کی بنیادی وجوہات کی طرف منتقل کرنے کی ضرورت ہے اور مختصر مدت میں پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کی ضرورت ہے۔فرانسیسی ایلچی نے کہا کہ ہم شہریوں کی حفاظت کے پابند ہیں۔ غزہ میں مقیم 20 لاکھ شہری جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں وہ سب دہشت گرد نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ رفح اور کریم شالوم کراسنگ غزہ کو ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ اس مسئلے کا حل قبرص سے امداد فراہم کرنے کے لیے سمندری راہداری کو کھولنا ہے۔