دبئی (نمائندہ خصوصی ) دبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس، کاپ 28، 2023 کے دوران کشمیر آرفنز ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کو شاندار عالمی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کو عظیم الشان زید سسٹین ایبلٹی پرائز ( Sustainability Prize) سے نوازا گیا ہے ، میرپور آزاد کشمیر اور صوابی، پاکستان میں کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ کو جنوب مشرقی ایشیا کا سب سے بڑا یتیم خانہ تسلیم کیا گیا ہے ، ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر کورٹ یتیم بچوں کو بہترین تعلیم، بورڈنگ کی سہولیات، خوراک، کپڑے اور طبی دیکھ بھال مہیا کر رہا ہے۔کورٹ کی دو طالبات نے ایکسپو دبئی کے دوران کاپ 28 میں ادارے کی نمائندگی کی، جہاں انہوں نے خطے میں یتیموں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تنظیم کے عزم کا اظہار کیا۔کورٹ کی کاوشوں کا اہم اعتراف کرتے ہوئے، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کوجنوبی ایشیا کے بہترین عالمی ہائی سکول کے طور پر عظیم الشان زید سسٹین ایبلٹی پرائز سے نوازا۔کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے لیے یہ اعزاز پائیدار طریقوں کے لیے شاندار شراکت اور یتیموں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے وسیع تر سماجی مقصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔