اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاکستان نے غزہ میں مستقل جنگبندی کا مطالبہ کرتے ہوے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے طبی مراکز پر حملوں کی عالمی تحقیقات کی جانی چاہیے ۔ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، بھارت مقبوضہ وادی میں دہشتگردی بند کرے ۔ افغانستان سے ہونیوالے دہشتگردانہ حملے اور وہاں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گائیں باعث تشویش ہیں ۔ تر جمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا نگران وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی کاپ 28تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے دبئی کے دورے پر ہیں ۔ انہوں نے یو ای اے اور کویت کا بھی دورہ کیا اور یو اے ای کے صدر سے ملاقات کر کے دوطرفہ تعلقات اور ریجنل ایشوز پر گفتگو کی ۔ ترجمان نے کہا عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیل نے غزہ میں دوبارہ بمباری شروع کردی ۔ پاکستان مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ ترجمان نے کہا اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر حملوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ اسرائیل کی جانب سے جاری جنگی جرائم پر دنیا کو بات کرنا چا ہیے ۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں پر حملے کئے گئے ۔ طبی مراکز پر حملوں کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔ ترجمان نے کہا کشمیر میں بھارت مظالم جاری ہیں ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند کرے ۔ ترجمان نے کہا ورلڈ کپ کے دوران خوشی منانے والے کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے کہا نگران وزیر خارجہ نے حال ہی میں برسلز کا دورہ کیا ۔ اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف اتحاد کی اہم کانفرنس میں شرکت کی ۔ ترجمان نے کہا پاک بھارت وزرائے اعظم کی کوئی ملاقات طے نہیں۔ ترجمان نے کہا پاک چین بحری امور پر چوتھی مشاورت کا دور منعقد کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے 2023 سے 2025 تک پاکستان کو یو نیسکو کی چئیر کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے کہا رواں ہفتے پاکستان میں عالمی یوم فلسطین منایا گیا۔ ترجمان نے کہا پاک بھارت وزرائے اعظم کی کوئی ملاقات طے نہیں۔ ترجمان نے کہا افغانستان نے گذشتہ دھائیوں سے اندرونی تقسیم اور بیرونی مداخلت کے باعث کافی تکالیف اٹھائی ہیں۔ ہم افغان جماعتوں کو سیاسی اختلافات کے حل کے لیے مسلح جدوجہد سے باز رہنے کا کہیں گے۔ ترجمان نے کہا افغان جماعتیں اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعہ حل کریں۔ ترجمان نے کہا واپس جانے والے افغان شہریوں کا باقائدہ ڈیٹا وزارت داخلہ کے پاس ہے۔ ترجمان نے کہا بڑے پیمانے پر غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے جو اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان پر افغانستان سے حملوں، موجود دہشتگرد گروہوں، محفوظ پناہ گاہوں پر شدید تحفظات ہیں۔ ہمیں افغان حکام کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر مناسب ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پر امن تعلقات برقرار رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ ترجمان نے افغانستان کے لیے انسانی امداد کا سلسلہ جاری رہنے کی بھی حمائت کی ۔ ترجمان نے کہا سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ تاریخ ہنری کسنجر کے سفارتی کاموں کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔