غزہ (نمائندہ خصوصی)غزہ میں عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز حماس نے 12 یرغمالی جبکہ اسرائیل نے بھی 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے القسام بریگیڈ کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز 10 اسرائیلی اور 2 غیر ملکیوں سمیت 12 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔دوسری جانب اسرائیل نے بھی اوفر جیل سے مزید 30 فلسطینی قیدی رہا کیے ہیں، رہائی پانے والوں میں 15 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں، تمام فلسطینیوں کو 12 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا ہے۔حماس کے ترجمان اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں نے بتایا ہے اسرائیل کا رویہ وحشیانہ تھا، اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدی نہ ہوتے تو ہمیں اسرائیلیوں کو یرغمال بنانے کی ضرورت نہ ہوتی۔واضح رہے کہ غزہ میں جاری حماس اسرائیل لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی کے 4 دنوں میں اب تک 50 اسرائیلی اور 150 فلسطینی قیدی رہا ہو چکے ہیں۔7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 160 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔