غزہ (نمائندہ خصوصی ) اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے سے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں دو روز کی توسیع اور یرغمالیوں کی رہائی کے باوجود اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے پر دھاوا بول دیا جس دوران درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیلی فوج نے منگل کی علی الصبح اچانک کارروائی کی جہاں بیتونیا اور رام اللہ سمیت دیگر علاقوں سے سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ اس دوران دو نوجوان فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیل 7 اکتوبر کو غزہ پر حملے کے بعد سے 3200 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرچکا ہے جن میں سے زیادہ تر افراد کو ان کے گھروں اور چیک پوائنٹس سے گرفتار کیا گیا۔ واضح رہےکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں دو روز کی توسیع کی گئی ہے جس دوران دونوں طرف سے یرغمالیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔