غزہ،ریاض (نمائندہ خصوصی) اسرائیلی فضائیہ کی غزہ میں مسجد پر بمباری سے کم از کم 50 نمازی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ صیہونی فورسز کی جانب سے الشفا اسپتال پر دوبارہ دھاوا بولا گیا ہے جس سے ہسپتال کے جنوبی و داخلی راستے مکمل تباہ ہوگئے،سعودی عرب نے ہسپتال پر حملے اور اردن فیلڈ اسپتال کے آس پاس علاقوں میں بمبار پر اسرائیلی فوج کی سخت مذمت کی ہے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے وسطی علاقے سبرا میں نمازیوں سے بھری مسجد کونشانہ بنایا۔ اسرائیلی بمباری سے درجنوں نمازی زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب صیہونی فوج نے اردن کے فیلڈ اسپتال کو بھی نہیں چھوڑا۔ بمباری سے فیلڈ اسپتال کے 7 ارکان زخمی ہوگئے۔غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو 40 روز گزر چکے ہیں اور ان حملوں میں اب تک ساڑھے 11 ہزار فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے الشفااسپتال میں دوبارہ آپریشن کیا ہے، جہاں 2 ہزار سے زائد شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کے سربراہ میجر جنرل یارون فنکلمین نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ آج رات ہم نے الشفا اسپتال میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، ہم آگے بڑھتے رہیں گے۔غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے ہسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا ، اسرائیلی فوجی ہسپتال میں موجود 200 کے قریب لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا۔اسرائیل اور اس کے سرکردہ اتحادی ملک امریکا دونوں کا دعویٰ ہے کہ الشفا کمپلیکس کے نیچے حماس کا کمانڈ سینٹر ہے، حماس اور ہسپتال کے ڈائریکٹرز نے ان دعووں کی تردید کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ میں حماس کے رہنما اسمعٰیل ہنیہ کے گھر کو نشانہ بنایا ہے۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اسمعٰیل ہنیہ کے گھر کو دہشت گردی کے مرکزی ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیلی شہریوں اور آئی ڈی ایف (اسرائیل ڈیفنس فورسز) کے فوجیوں پر حملوں کی ہدایت دینے کے لیے اکثر حماس کے سینیئر رہنما اسمعٰیل ہنیہ کے گھر پر جمع ہوتے رہے ہیں۔ دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے غزہ میں الشفا ہسپتال پر حملے اور اردن فیلڈ ہسپتال کے آس پاس کے علاقوں میں بمباری کرنے پر اسرائیلی فوج کی ’سخت مذمت‘ کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب بچوں، خواتین، شہریوں، طبی مراکز اور امدادی ٹیموں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری وحشیانہ کارروائی پر عالمی احتساب کے طریقہ کار کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔