نیویارک (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ازہانوم گیبریئس نے کہا ہے کہ غزہ کے شفا ہسپتال پر اسرائیلی فوجی حملے کی خبر انتہائی تشویشناک ہے، ہسپتال میدان جنگ نہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی فوجیوں کے شفا اسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ ہم طبی عملے اور مریضوں کی حفاظت بارے فکر مند ہیں کیونکہ اسپتال کے عملے کے ساتھ ان کے رابطے دوبارہ ختم ہو گئے ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ وہ شفا ہسپتال (غزہ میں)پر فوجی حملے کی خبر سے خوفزدہ ہیں ، ہسپتال میدان جنگ نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوزائیدہ بچوں، مریضوں، طبی عملے اور تمام شہریوں کے تحفظ کو دیگر تمام خدشات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔