تل ابیب(نیٹ نیوز )
اسرائیل جانے والے امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے کہا کہ میں ذاتی طور پراس چیز کا مظاہرہ کرنے آیا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوں۔جو بائیڈن غزہ میں الاہلی بیپٹسٹ ہسپتال پر حملے کے بعد اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب گئے ہیں۔بن گوریون ہوائی اڈے پر بائیڈن کا استقبال اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کیا۔
نیتن یاہو سے ملاقات سے قبل اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا:”حماس کے دہشت گردوں نے 1,300 افراد کو قتل کیا۔ میں سوچبھی نہیں سکتا کہ ان کے اغوا کیے گئے بچوں پر کیا گزری ہو گی۔ امریکی آپ سے متفق ہیں اور فکر مند ہیں۔ اسرائیل نے ان حملوں کا جواب دیا، اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ جاری رہنا چاہیے تاکہ آپ اپنے دفاع کے لیے جو بھی ضروری ہو کر سکیں۔ہم اس چیز کے لیے ہر طرح کی امداد فراہم کریں گے۔”یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اسپتال پر حملہ اسرائیل نے نہیں کیا، بائیڈن نے کہا، "ایسا لگتا ہے کہ اسپتال پر حملہ دوسرے فریق نے کیا، آپ (اسرائیل) نے نہیں، تاہم، بہت سے لوگوں کو یقین نہیں ہے۔ہمیں حماس کے سامنے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا بہت ضروری ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ میں یہاں اس لیے آنا چاہتا تھا کہ "میں چاہتا ہوں کہ دنیا جان لے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔”بائیڈن نے کہا کہ حماس داعش سے بھی بدتر ہے اور حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والے 1300 اسرائیلیوں میں 31 امریکی بھی شامل تھے۔