اودے پور (نیٹ نیوز)
بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اودے پور میں ایک شخص کا سر تن سے جدا کیے جانے کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔اطلاعات کے مطابق قتل کا یہ واقعہ سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پولیس ایم ایل لاتھر کا کہنا ہے کہ ’دو افراد کو جو کہ مبینہ طور پر قتل کے اس واقعے میں ملوث تھے، راج سمند نامی ڈسٹرکٹ کے علاقے بھم سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق
مقتول کنہیہ لال تیلی دھان منڈی پولیس سٹیشن کی حدود میں درزی کی دکان چلاتے تھے۔
منگل کو کچھ لوگ ان کی دکان میں کپڑے سلوانے کے بہانے آئے اور انھیں دکان سے باہر لے جا کر تلوار سے ان کی گردن اڑا دی۔خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے راج سمند پولیس کے سپرنٹینڈنٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوئے،سپرنٹینڈنٹ سدھیر چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے دس ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اودے پور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تارا چند مینہ نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔