نیو یارک (نمائندہ خصوصی) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ سیاحوں پر حملوں میں ملوث افراد کو عدلیہ سزا دے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد دورہ نیویارک کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میں سیاحوں کے خلاف نفرت انگیز حملوں کے مرتکب افراد کو عدلیہ کے سامنے سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ ایک قانون کی ریاست ہے اور جس چیز پر میں ہمیشہ اصرار کرتا ہوں وہ یہ ہے کہ ہمیں خاص طور پر سیاحتی علاقوں میں وہ زبان استعمال کرنے کی ضرورت ہے جو سیاح اشاروں میں سمجھتے ہیں۔ ہم اس راستے پر نہیں چل سکتے جو اپوزیشن اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ نسل پرستی اور اسلام دشمنی ان اہم مسائل میں سے ہیں جن سے دنیا دوچار ہے اور افسوس ہوتا ہے کہ نسل پرستی کا وائرس یورپی ملکوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے جو ایک عالمی وبا میں بدل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ یورپ ہے جہاں کے افراد خود کو تہذیب کا گہوارہ بھی سمجھتے ہیں۔ مغرب میں جو حلقے دوسروں سے نفرت پھیلانا چاہتے ہیں وہ کچھ مقامات پر کامیاب بھی ہوئے ہیں۔ ہمارے ملک میں بھی یہ سازش کی جا رہی ہے تاہم یہ بارودی سرنگیں ترکیہ میں نہیں پھٹیں گی۔ ٓ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی حکام اس طرح کی اشتعال انگیزیوں کے خلاف انتہائی احتیاط برت رہے ہیں اور اپنے اقدامات کو دن بہ دن تیز کر رہے ہیں۔