جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں پہل کی تو سعودی عرب بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرے گا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ امریکی ثالثی میں مذاکرات کے معطلی کی تردید کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے تناظر میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فلسطین کا معاملہ انتہائی اہم ہے، ہم پہلے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس پر کیا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ہم کسی ایسے مقام تک ضرور پہنچیں گے جس سے فلسطینوں کیلئے زندگی کی مشکلات کچھ کم ہوں گی۔