شارجہ (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک گیس پلانٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے امارات کے کئی حصوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔ جس کے بعد انتظامیہ نے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں بجلی فوری طور پر بحال کر دی۔ بجلی کی بندش کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔السجع کے علاقے میں پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے گیس پائپ لائن کے والوز بند ہو گئے تھے۔ اس سے شارجہ الیکٹرسٹی اور واٹر اینڈ گیس اتھارٹی کے سٹیشنوں کو گیس بند ہوگئی تھی۔ تکنیکی ٹیموں نے شارجہ کے بجلی گھروں میں فیڈنگ کے مین والو کو الگ تھلگ کرنے کا کام کیا اور گیس کی سپلائی کو 80 فیصد تک بحال کردیا۔اس سے امارات میں بجلی کو مکمل طور پر بحال کرنے میں فوری مدد مل گئی۔ بڑے تکنیکی خرابی کو دور کرنے اور پورے گیس پلانٹ کمپلیکس میں دوبارہ مکمل کام شروع کرنے کے لیے کام تیزی سے شروع کردیا گیا۔