پیرس(نمائندہ خصوصی )
فرانس میں معذور افراد کے گھر میں آگ لگنے سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔چیف فائر فائٹر کا کہنا ہے کہ مشرقی فرانس میں آگ لگنے سے تباہ ہونے والے گھر کے ملبے سے 9 معذور افراد کی لاشیں ملی ہیں۔بدھ کو لگنے والی آگ کے بعد سے مزید دو افراد لاپتہ ہیں اور ان کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔امدادی کارروائیوں کی سربراہی کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل فلپ ہوولر نے صحافیوں کو بتایا کہ "ہم ان لوگوں کی لاشوں کی تلاش کر رہے ہیں جو عمارت سے باہر نہیں نکل سکے جب کہ 9 لاشیں ملی ہیں فی الحال دو نہیں افراد نہیں مل سکے۔
حکام نے بتایا کہ آگ صبح 6:30 بجے لگی اور اس نے عمارت کو تیزی سے لپیٹ میں لے کر تباہ کر دیا۔ اسٹراسبرگ سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع ونٹزن ہائیم قصبے میں واقع گھر کو ایک خیراتی ادارے نے موسم گرما کے لیے کرائے پر دیا تھا۔ونٹزن ہائیم کے ڈپٹی میئر ڈینیئل لیروئے نے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا کہ آگ اتنی جلدی لگی کہ "لوگ اپنی نیند سے بیدار ہی نہ ہو سکے۔