سورت( نیٹ نیوز)
بھارت کے شہر سورت میں ایک عمارت نے پینٹاگون کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی دفتری عمارت ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ریاست گجرات کے شہر سورت کو دنیا میں ہیروں کا دارالحکومت کہا جاتا ہے جہاں دنیا کے 90 فیصد ہیرے تراشے جاتے ہیں۔اب سورت میں دنیا کی سب سے بڑی دفتری عمارت بھی قائم ہوچکی ہے جس کا نام ‘سورت ڈائمنڈ بورس’ رکھا گیا ہے۔اس عمارت میں قیمتی پتھروں کی صنعت سے متعلقہ دفاتر ہوں گے، 15 منزلہ عمارت میں ایک منزل کا رقبہ 70 لاکھ 10 ہزار اسکوائر فٹ ہے۔یوں یہ عمارت آرلنگٹن میں قائم امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون کو پیچھے چھوڑ چکی ہے جس میں ایک منزل کا رقبہ 60 لاکھ 50 ہزار اسکوائر فٹ ہے۔سورت ڈائمنڈ بورس 81.9 میٹر لمبی عمارت ہے، اس کی تعمیر پر 32 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔ عمارت میں 300 اسکوائر فٹ سے لے کر 25 ہزار اسکوائر فٹ تک کے دفاتر ہیں، جہاں 4 ہزار 700 سے زائد دفاتر کھولے جاسکتے ہیں جبکہ 65 ہزار افراد ملازمت کرسکتے ہیں۔عمارت کی تعمیر 2019 میں شروع ہوئی تھی لیکن آرکیٹیکٹ نے بتایا کہ ہم نے اسے دنیا کی سب سے بڑی دفتری عمارت بنانے کا نہیں سوچا تھا۔تعمیر سے قبل ہی تمام آفسز فروخت ہوچکے ہیں، پہلا دفتر نومبر میں کھل جائے گا۔