ممبئی( نیوز ڈیسک )
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور بین الاقوامی اسلامی حلال تنظیم کے صدر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ بھارت کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے نئی دہلی میں اکشردھام مندر کا دورہ کیا۔بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے مندر میں تین گھنٹے گزارے۔ انہوں نے کہا ہندوستان تنوع میں اتحاد کی ایک بہترین مثال ہے۔ میرے اکشردھام مندر کے دورہ کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ عبادت، محبت، امن اور ہم آہنگی سے بھری ہوئی جگہ ہے۔اس دورے کے دوران ڈاکٹر العیسیٰ نے سوامی برہما ویہاری داس سے ملاقات کی۔ گزشتہ سال برہما ویہاری داس سے ان کی ملاقات ریاض میں ایک بین المذاہب کانفرنس میں ہوئی تھی۔ دونوں نے مبینہ طور پر عالمی ہم آہنگی کی اقدار اور پرامن دنیا کے لیے مشترکہ مقاصد پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر العیسیٰ نے اکشردھام مندر کے پجاریوں کو ریاض مدعو کیا اور مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ دنیا کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔