لندن ( نمائندہ خصوصی) پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی مستحکم معشیت میں ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں ہمیں شکست دینے کیلئے رات دن کوشاں جبکہ ہمارے زعماء آپس میں دست گریبان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لارڈز نذیر احمد نے لندن میں حبیب جان سے رسمی ملاقات کے موقع پر کیا، لارڈ نذیر احمد آج اپنے ایک مقدمہ کے سلسلہ میں کراؤن کورٹ آف جسٹس میں پیش ہوئے تھے۔ انہوں نے حبیب جان کو ان کی دختر نیک اختر کی شادی خانہ آبادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ ہماری بیٹی کو زندگی کی تمام خوشیوں سے نوازے۔ دریں اثناء لارڈز نذیر احمد نے پاکستان کی سیاسی اورمعاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں رات دن ہماری بربادی کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں ہوئی ہیں جبکہ ہمارا حال کوئی نہیں انہوں نے کہا جب تک پاکستان کو معاشی استحکام حاصل نہیں ہوگا پاکستان کے گرد خطرات منڈلاتے رہینگے۔ لارڈز نذیر احمد نے پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے آپسی رنجش کی بجائے بانی پاکستان قائد اعظم کے فرمودات اتحاد تنظیم اور یقین محکم کو فروغ دیا جائے۔ آخر میں لارڈز نذیر احمد نےآزمائش کی گھڑی میں تمام کمیونٹی سمیت تمام دوست احباب کا دلی طورپر پر شکریہ ادا کیا۔