واشنگٹن (نیٹ نیوز ) امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ییلن نے کہا ہے کہ امریکی اور چینی معیشتوں کو الگ کرنا عملی طور پر ناممکن ہو گا اور عالمی منڈیوں کو غیر مستحکم کر دے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے بیجنگ کے دورے کے دوران حکام اور کاروباری اداروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیے گئے تبصروں میں یہ بات کہی۔بیجنگ میں امریکن چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ سیشن میں جینیٹ ییلن نے امریکی کاروباری اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں بتایا کہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کا علیحدہ ہونا عالمی معیشت کے لیے غیر مستحکم اور عملی طور پر ناممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تنوع پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، الگ کرنے کی نہیں۔جینیٹ ییلن کے سفر سے پہلے بیجنگ نے قومی سلامتی کی بنیادوں پر سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے لیے دھاتوں پر نئے برآمدی کنٹرول متعارف کرائے۔امریکی وزیر خزانہ نے امریکی کاروباری افراد کو بتایا کہ واشنگٹن کو پابندیوں کے بارے میں تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی ان اقدامات کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن یہ ہمیں لچکدار اور متنوع سپلائی چینز کی تعمیر کی اہمیت کی یاد دلاتے ہیں۔