کابل(مانیٹرنگ ڈیسک/نیٹ نیوز) افغانستان کے بڑے ٹی وی چینلز نے خواتین میزبانوں کے چہرے ڈھانپنے کے حوالے سے طالبان کا حکم ماننے سے انکار کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے بڑے ٹی وی چینلز پر خواتین پریزینٹرز نے طالبان کے حکم نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے چہروں کو ڈھانپے بغیر اسکرین پر پروگرام پیش کیےمنہ ڈھانپے بغیر پروگرام پیش کیے جانے سے متعلق شمشاد ٹی وی کے ہیڈ آف نیوز عابد احساس نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری خواتین ساتھیوں کو تشویش ہے کہ اگر وہ اپنے چہرے کو ڈھانپتی ہیں تو اگلے حکم میں انہیں کام کرنے سے روکنے کے لیے کہا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ابھی تک اس حکم پر عمل نہیں کیا۔یاد رہے کہ طالبان نے افغانستان میں ٹی وی نشریات کا حصہ
بننے والی تمام خواتین کو نشریات کے دوران چہرے کو ڈھانپنے کا حکم دیا تھا۔افغان وزارت امربالمعروف ونہی عن المنکر کی جانب سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا تھا کہ اس کا اطلاق افغانستان میں تمام میڈیا اداروں میں کام کرنے والی تمام خواتین پر ہوگا۔وزارت امربالمعروف ونہی عن المنکر نے مزید کہا تھا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔