ریاض( نمائندہ خصوصی) سعودی عرب نے سویڈن میں ایک انتہا پسند شخص کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مجرمانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے سویڈش سفیر کو آج طلب کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ریاض میں سویڈن کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے اسٹاک ہوم میں ایک انتہا پسند شخص کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور مقدس کتاب کے اوراق نذرآتش کرنے کے واقعے کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کو آگ لگانے کا گھنانا فعل ناقابل قبول اور گھٹیا حرکت ہے۔ یہ گھنانا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دوسری طرف پوری دنیا کے مسلمان عیدالاضحی منا رہے تھے۔ اس مکروہ حرکت سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔وزارت خارجہ نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈش حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے تمام اقدامات کو روکے جو رواداری، اعتدال پسندی اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی اقدار کو پھیلانے کی بین الاقوامی کوششوں سے براہ راست متصادم ہوں۔