مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی) مکہ مکرمہ میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں کارڈیک ہیلتھ سنٹر حج کے لیے آنے والے ایک ایرانی شہری کی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ 60 کی دہائی کی عمر میں ایرانی شہری کی دل کی شریانوں میں تنگی تھی اور رکاوٹ کی وجہ سے اسے دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔وزارت صحت نے بتایا کہ میڈیکل سٹی کو اس مریض کا کیس موصول ہوا جو سینے کے شدید درد میں مبتلا تھا۔ ایرانی عازم حج کے ضروری معائنے، تجزیے، سی ٹی سکین، ایکو رے اور تشخیصی کارڈیک کیتھیٹر فوری طور پر کیے گئے۔ نتائج کی روشنی میں معلوم ہوا کہ ایرانی شہری کی کورونری شریانوں میں تنگی اور رکاوٹ موجود ہے۔ یہ رکاوٹ کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس کے لیے فوری طور پر آپریشن کی ضرورت تھی۔
اس کے بعد کارڈیک سرجنز، اینستھیزیا ٹیم اور نرسنگ ٹیم پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے ایرانی شہری کی اوپن ہارٹ سرجری کی اور کورونری آرٹری بائی پاس سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ آپریشن کامیاب رہا۔ ایرانی حاجی کو ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔ حالت مستحکم ہونے پر انہیں ہسپتال سے جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔