قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت خطے اور دنیا کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ بن گیا ہے کیونکہ وہ اپنے دفاعی اثاثوں پر کنٹرول کی صلاحیت نہیں رکھتا۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز پاکستان میں گر کر تباہ ہونے والے بھارت کے سپرسانک میزائل اور واقعے کے تین دن بعد بھارت کی وزارت دفاع کی وضاحت کے بارے میں اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔قومی سلامتی کے مشیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں گرنے والے سپرسانک میزائل کے بارے میں بھارت کی نام نہاد وضاحت کی تحقیقات کرے کیونکہ اس سے انسانی جانوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہوا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جدید ٹیکنالوجی کے حامل میزائل تجربے سے پہلے پاکستان کو اعتماد میں لینے کی بھی زحمت نہیں کی۔بھارت نے دو تین روز کے بعد یہ حقیقت تسلیم کی کہ یہ ان کا میزائل تھا جو معمول کی دیکھ بھال کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث چل گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہا امید ہے کہ عالمی برادری جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے میں بھارت کی غفلت اور نااہلی سے پیدا ہونے والے خطرے کا ادراک کریگی۔