ریاض : سعودی عرب نے پشاور میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین، حکومت پاکستان اورعوام سے اظہار تعزیت کیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے پشاور میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی اور لواحقین، حکومت پاکستان اورعوام سے اظہار تعزیت کیا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کاخون بہاناناقابل برداشت ہے، عبادت گاہوں پرحملے،دہشت گردی کیخلاف عزم غیرمتزلزل ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔
گذشتہ روز پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 63 افراد شہید ہوگئے تھے
ایس پی سٹی نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا تھا کہ دھماکا جامع مسجد کوچہ رسالدار میں اسوقت ہوا جب نمازی جمعے کی نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے، دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی اور ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔
پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیا تھا کہ دو نامعلوم حملہ آوروں نے جامع مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے