انقرہ(بیورو رپورٹ )ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب ایردوان کو حزبِ اختلاف کے امیدوار کمال کلیچ دار اولو پر برتری حاصل ہے لیکن اب تک کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر سکا ہے جس کے نتیجے میں پہلے دو امیدواروں کے درمیان ایک مرتبہ پھر انتخابی معرکہ متوقع ہے۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ غیر حتمی نتائج کے مطابق رجب طیب ایردوان نے 49 اعشاریہ تین نو فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ان کے مدِ مقابل کمال کلیچ دار اولو نے 44 اعشاریہ نو دو فی صد ووٹ حاصل کیے ۔اگر کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کرتا تو اس صورت میں اول اور دوم پوزیشن پر آنے والے امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو ووٹنگ کا اگلا رانڈ ہو گا۔انتخابات کرانے والے ادارے سپریم الیکٹورل بورڈ نے کہا کہ وہ انتخابات کی دوڑ میں شریک سیاسی جماعتوں کو بروقت اور ساتھ ساتھ گنتی کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے۔ لیکن اس وقت تک حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا جب تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔انہوں نے اپنے حامیوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایردوان کی جماعت ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے عمل میں مداخلت کر رہی ہے۔