ماسکو: روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ میں اپنے درجنوں فوجیوں کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرین میں روس کے 498 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ 1500 سے زائد زخمی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایک بار پھر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یوکرین کے خلاف آپریشن میں وزارت دفاع کے تعلیمی اداروں کے زیر تربیت فوجی حصہ لے رہے ہیں اور نہ ہی لوگوں کو جبری طور پر فوج میں بھرتی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب یوکرین کا دعویٰ ہے کہ روسی فوجیوں کی ہلاکت کی تعداد 498 سے کئی زیادہ ہے۔
ادھر روس کا دعویٰ ہے کہ اس نے یوکرین کے 1502 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق روس کے مسلح دستوں نے خصوصی مہم کے دوران یوکرین کے 1502 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کیا، روسی فضائیہ نے یوکرین کے فوجی ٹھکانوں پر بمباری کی۔
روس اور یوکرین کے درمیان فائر بندی مذاکرات جمعرات (کل) ہوں گے۔ روسی مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر ہوں گے۔ یوکرینی وف مذاکرات کے لیے کیف سے روانہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے طلب کردہ خصوصی اجلاس میں یوکرین پر روسی حملے کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں روس سے جنگ بندی اور افواج کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے۔