نئی دہلی ( نمائندہ خصوصی)بھارت جی ٹونٹی ممالک کے اجلاس کی ممکنہ ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔بھارت نے پہلے ضلع راجوڑی میں فوجی ٹرک میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 4فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ آسمانی بجلی کو قرار دیا پھر بھارتی فوج نے چند گھنٹوں بعد حادثے کو دہشتگردوں کی طرف سے گرنیڈ حملہ قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا، بھارتی ریٹائرڈ افسران اور مودی نواز صحافیوں اور تجزیہ نگاروں نے اعلانیہ پاکستان پر الزامات لگانا شروع کردیئے ہیں۔بھارت کو کشمیر میں بلائے جانے والے اجلاس کے دوران کشمیریوں کی طرف سے ممکنہ شدید احتجاج اور ہڑتالوں کا اندیشہ ہے اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث بیشتر جی 20رکن ممالک نے شرکت سے انکار کردیا ہے۔اس لئے اس سب بیانئے کا مقصد جی ٹونٹی اجلاس کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا اور اجلاس کو سری نگر سے کہیں اور منتقل کرنا ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارت واقعے کو جواز بنا کر پاکستانی وزیرخارجہ کی ایس سی او اجلاس میں شرکت سے بھی معذرت کر سکتا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ایس سی او اجلاس میں ممکنہ شرکت سے بھی بھارت کی پاکستان کو خارجہ محاذ پر تنہاءکرنے کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔