امرتسر(کے ایم ایس) بھارت میں خالصتان کے حامی ممتازسکھ رہنما امرت پال سنگھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ خالصتان چاہتے ہیں اور خالصتان ان کا نظریہ ہے کیونکہ اسی سے سکھوں کو درپیش تمام پریشانیوں کا خاتمہ ہوگا۔
امرت پال سنگھ نے جو ”وارث پنجاب دے ” کے سربراہ ہیں، ایک میڈیا پیغام میں کہاکہ میں خالصتان چاہتا ہوں، خالصتان میرا نظریہ ہے اور آزادانہ طورپر سوچنا ہمارا پیدائشی حق ہے۔انہوںنے کہاکہ میرے ناقدین کو اپنی رائے رکھنے کاحق ہے اورمیں بھی اپنی رائے رکھنے کا حق رکھتا ہوں۔امرت پال سنگھ نے کہا کہ ان کے ساتھ موجودتمام افراد کے پاس لائسنس یافتہ ہتھیار ہیں۔ بھارتی پولیس اور ایجنسیاں وارث پنجاب دے کے خالصتان نواز سربراہ کو پکڑنے کے لیے پورے بھارت میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں کررہی ہیں۔امرت پال سنگھ نے حال ہی میں اپنے ایک قریبی ساتھی کو رہا کرانے کے لیے ایک تھانے پر دھاوا بول دیا تھا۔ سکھوں کی شکایات کے ازالے کے لئے انہوں نے ذرائع ابلاغ میںپنجاب کی”آزادی”کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خالصتان کے قیام سے سکھوں کے مصائب کا خاتمہ ہوگا۔قیام خالصتان کا مطالبہ بیرون ملک مقیم سکھوں میں بھی زورپکڑ رہاہے۔مارچ میں امرت پال سنگھ کی تصویر ان کے حامیوں کے ایک سمندر کے ساتھ نیویارک میں ٹائمز اسکوائرکے اسکرین پر پیش کی گئی تھی۔