ایمسٹر ڈیم (نمائندہ خصوصی ) نیدرلینڈ ز کے وزیر خارجہ ووپکے ہاکسٹرا سعودی عرب کے دورے پر الریاض پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ سے جدہ میں ملاقات میں ولندیزی عہدیدار نے روس اور یوکرین جنگ اور خطے کے دیگر امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ دونوں عہدیداروں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماﺅں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ اور اس کے سیاسی حل کے لئے جاری کوششوں پر بات کی۔ اس کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی سطح پر درپیش دیگر چیلنجز سے متعلق بھی بات کی۔ولندیزی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران ریاض میں سعودی بزنس پروفیشنلز کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر نشر کی جانے والی ایک پوسٹ میں کہا کہ سعودی عرب خطے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ہمارے لئے سکیورٹی، ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار توانائی کے شعبوں میں اہم پارٹنر ہے۔ووپکے ہاکسٹرا جو کہ نیدرلینڈ کے نائب وزیر اعظم کا منصب بھی رکھتے ہیں، نے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی جس میں معاشی تعلقات سمیت سرمایہ کاری اور تجارت کے موجود اشتراک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔مہمان وزیر خارجہ نے ریاض میں خلیج تعاون تنظیم کے دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی سے ملاقات کی۔