ٹوکیو (نمائندہ خصوص) جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا کی تقریر کے دوران دھماکے کی آواز آنے پر بھگدڑ مچ گئی۔مقامی میڈیا کے مطابق وکایاما شہر میں جاپانی وزیراعظم انتخابی مہم پر پہنچے تھے، دھماکے کی آواز کے بعد انہیں بندرگاہ سے نکال لیا گیا اور وہ اس واقعے میں محفوظ رہے۔ وزیراعظم کے نزدیک نامعلوم شخص نے پائپ کی طرح کی کوئی چیز پھینکی تھی جسے اسموک بم کہا جارہا ہے۔وزیراعظم پر اسموک بم پھینکنے والے کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔مقامی پولیس کے مطابق گرفتار حملہ آور کی عمر 24سال ہے، وزیراعظم کی تقریر کے موقع پر کئی سو افراد موجود تھے۔یاد رہے کہ جولائی 2022 میں انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم شنزو ابے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔