نئی دہلی( نیٹ نیوز)انتہا پسند ہندوؤں نے ماہِ صیام کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے مساجد پر دھاوا بول دیا اور ہر شے تہس نہس کر دی۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہندو مذہبی تہوار کے دوران آٹھ ریاستوں میں مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے، انتہا پسند ہندوؤں نے مسجدوں پر دھاوا بول دیا۔ماہِ صیام کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے انتہا پسند افطار کے وقت مسجد میں گھس گئے اور ہر شے تہس نہس کر دی۔
مساجد کے باہر نازیبا گانوں پر رقص کر کے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکایا اور مسلمانوں کی دکانوں کو بھی آگ لگا دی۔بہار ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، کرناٹک، مغربی بنگال ،گجرات، مہاراشٹر اور دوسری ریاستوں میں فرقہ وارانہ فسادات کو روکنے کے لیے سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ان ریاستوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی گئی ہیں۔واضح رہے بھارت میں نریندر مودی کی سرپرستی میں ہندو تہواروں میں اب سینکڑوں لوگ تلواروں، بندوقوں اور بھالوں کے ساتھ اشتعال انگیز نعروں اور سانڈ سسٹم پر مذہبی موسیقی بجاتے ہوئے مسلم محلوں میں مارچ کرتے ہیں۔