ریاض (نمائندہ خصوصی )سعودی عرب میں 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں بیروزگاری کی شرح میں چار فیصد کی کمی واقع ہوئی، جس کی بنیادی وجہ سعودی خواتین کی افرادی قوت میں بڑی تعداد میں شمولیت ہے، اس کا انکشاف ملک میں جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے رپورٹ میں کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہریوں میں بیروزگاری کی کل شرح 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں کم ہو کر 8 فیصد ہو گئی، جو گزشتہ سہ ماہی میں 9.9 فیصد تھی۔سعودی خواتین کی بے روزگاری کی شرح تین سہ ماہی میں 20.5 فیصد سے کم ہو کر چوتھی سہ ماہی میں 15.4 فیصد رہ گئی۔یہ اعداد و شمار پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں 5.1 فیصد کمی اور ایک سال پہلے کے مقابلے میں 7.1 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔وژن 2030 اقتصادی اصلاحات کے منصوبے کے تحت سعودی عرب نے آنے والے سالوں میں خواتین کے لیے 10 لاکھ ملازمتیں پیدا کرکے 2030 تک خواتین کی بے روزگاری کی شرح کو 7 فیصد تک کم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ 2030 تک لیبر فورس میں خواتین کی شرکت کی شرح 30 فیصد سے زیادہ ہو جائے گی۔دریں اثنا سعودی مردوں کی بے روزگاری کی شرح گزشتہ سہ ماہی میں 4.3 فیصد سے کم ہو کر 4.2 فیصد رہ گئی۔رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر سعودی شہریوں کی افرادی قوت میں شرکت کی شرح 52.5 فیصد پر مستحکم رہی، جبکہ آبادی کے حساب سے روزگار کا تناسب بڑھ کر 48.3 فیصد ہو گیا۔اعداد و شمار کے مطابق 94.1 فیصد بے روزگار سعودی نجی شعبے میں ملازمت قبول کرتے ہیں۔ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ شہری سرکاری شعبے کی ملازمتوں کو ترجیح دیتے تھے، لیکن ماضی کی تیل پر مبنی معیشت کے برعکس ملازمتوں میں حالیہ تنوع نے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔